کرتارپور راہداری معاہدہ دیگر مذاہب کیلئے احترام پر مبنی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مظہر ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

66

اسلام آباد ۔ 24 اکتوبر (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کرتارپور راہداری معاہدہ دین اسلام کی دیگر مذاہب کیلئے احترام پر مبنی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مظہر ہے، چیلنجنگ صورتحال کے باوجود معاہدے پر دستخط وزیراعظم عمران خان کے پختہ عزم کا بے مثال مظاہرہ ہے۔ جمعرات کو اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ دن تاریخی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ آج وزیراعظم عمران خان کے سکھ برادری سے کئے گئے وعدہ کو عملی جامہ پہنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین تاریخی کرتارپور صاحب راہداری معاہدے پر دستخط کر دیئے گئے۔ کرتارپور راہداری معاہدہ دیگر مذاہب کیلئے احترام پر مبنی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مظہر ہے۔ اس معاہدے کے تحت روزانہ 5 ہزار سکھ یاتری بغیر ویزا گوردوارہ کرتارپور صاحب میں اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں گے۔ سکھ یاتریوں کو مؤثر بھارتی پاسپورٹ پر کرتارپور راہداری استعمال کرنے کی اجازت ہو گی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیرون ملک رہائشی سکھ یاتری، بھارتی اوریجن کارڈ پر اس سہولت کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔ وعدے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کرتارپور صاحب راہداری کا افتتاح 9 نومبر کو کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تقریب کا افتتاح بابا گرونانک کی 550ویں یوم پیدائش پر تقریبات سے پہلے ہو جائے گا تاکہ سکھ برادری کے لوگ احسن طریقے سے ان تقریبات میں شرکت کر سکیں۔