لاہور۔11اپریل (اے پی پی):متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر اہتمام گوردوارہ پنجہ صاحب اور گوردوارہ دربار صاحب کرتار پور میں وساکھی میلہ کی مناسبت سے تقریبات کا آغاز ہوگیا ۔ترجمان کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ انتظامیہ کی جانب سے گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال کو رنگ برنگی خوبصورت روشنیوں سے سجایا گیا، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر اداروں کی مدد سے گوردوارہ کے اطراف اور یاتریوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنایا گیا ہے ، تمام سکیورٹی پوائنٹس پر جدید سکینرز نصب کئے گئے ہیں جبکہ واپڈا کی طرف سے گوردواروں میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔
بھارت سے آئے شرومنی گوردورارہ پر بندھک کمیٹی کے لیڈر رویندر سنگھ سرنا نے دور ہ پاکستان کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ پاکستان میں اپنے گوردواروں کے درشن کر کے بہت خوش ہیں ، رہائش ،میڈیکل اور بہترین سفری سہولیات مہیا کرنے پر ہم حکومت پاکستان اور ٹرسٹ بورڈ انتظامیہ کے بے حد شکر گزار ہیں ۔دہلی گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے لیڈر سردار دلجیت سنگھ سرنا نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے گوردواروں میں یاتریوں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں اگرچہ یاتری پہلے سے دوگنا تعداد میں ہیں اسکے باوجود پاکستان میں ہماری مہمان نوازی میں کوئی کمی نہیں رکھی گئی ہے ۔
ترجمان بورڈ غلام محی الدین کے مطابق حسن ابدال میں یاتریوں نے بابا ولی گندھاری کے مزار پر حاضری دی اورارداس و خصوصی دعائیں بھی کیں، مذہبی روایات کے مطابق لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا ،سکھ خواتین نے لنگر کی تیاری اور اہتمام کرنے میں مدد کی ،تعداد دگنا ہونے کے باعث تشکیل دیئے گئے سکھ یاتریوں کے دونوں گروپ سکیورٹی آفیسر عاصم چوہدری کی زیر نگرانی گوردوارہ پنجہ صاحب اور گور دوارہ دربار صاحب سے گودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب پہنچیں گے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580799