فیصل آباد۔ 23 دسمبر (اے پی پی):فیصل آباد ترقیاتی ادارہ کے ڈائریکٹر جنرل محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ اقلیتی برادری کی قومی خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتاجو مختلف شعبوں میں ملک وقوم کی خدمت کا فریضہ احسن انداز میں انجام دے رہے ہیں لہٰذا ہم ان کی خوشیوں میں برابرکے شریک ہیں۔
انہوں نے یہ بات مسیحی ملازمین کے ہمراہ کرسمس کیک کاٹنے اور تحائف کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پرایڈ یشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے جنید حسن منج، چیف انجینئر مہر ایوب گجر، ڈائریکٹر ایڈمن یاسراعجاز چٹھہ ودیگر افسران کے علاوہ ایمپلائزیونین اور سٹاف کے اراکین بھی موجود تھے۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے مسیحی ملازمین کو کرسمس کی مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہاکہ ایک پاکستانی قوم کی حیثیت سے ہم سب کی خوشیاں سانجھی ہیں اور وطن عزیز کی تعمیرو ترقی کیلئے باہم آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کرسمس کا تہوار امن، انسانیت کے احترام،پیارومحبت،رواداری اور بھائی چارے کا پیغام دیتاہے لہٰذا مسیحی برادری کو چاہیے کہ وہ تہوار مناتے وقت وطن عزیز کی ترقی وخوشحالی اور امن وسلامتی کی خصوصی دعائیں کریں تاکہ اللہ کریم کے خصوصی فضل وکرم سے پاکستان کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم میں جلد کامیابی حاصل ہو۔
انہوں نے کہا کہ دین اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا درس دیتا ہے لہٰذا مسیحی ملازمین کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات جاری رہیں گے کیونکہ وہ ادارہ کی ترقی واستحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔اس موقع پرایمپلائز یونین کے حاجی رشید اوردیگر اراکین نے بھی مسیحی ملازمین کو مبارک باد دی اور کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب میں شرکت کرنے پر ڈی جی ایف ڈی اے و دیگر افسران کاشکریہ ادا کیا۔