کرسمس کی تقریبات کے پرامن اور خوشگوار ماحول میں انعقاد کیلئے حفاظتی و انتظامی اقدامات کرلئے گئے ہیں،ڈپٹی کمشنر

164

فیصل آباد۔ 21 دسمبر (اے پی پی):فیصل آبادمیں کرسمس کی تقریبات کے پرامن اور خوشگوار ماحول میں انعقاد کیلئے بھر پور انداز میں حفاظتی و انتظامی اقدامات کئے گئے ہیں ،ڈپٹی کمشنرعبداللہ نیئر شیخ نے بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے ارکان سے بات چیت میں ضلع میں امن عامہ اور مذہبی ہم آہنگی کی مثالی فضا کو برقرار رکھنے کے سلسلے میں کمیٹی کے ارکان کی بھر پور معاونت کو سراہا اور کہا کہ باہمی اتحاد و اتفاق اور بھائی چارہ پائیدار امن کی ضمانت ہے جس کیلئے تمام مکاتب فکر کے علما کرام اور ان کے پیروکاروں کا جذبہ امن لائق تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی،بین المذاہب اتحاد و اتفاق وقت کا اہم ترین تقاضا ہے جس کیلئے علما کرام کا کردار مسلمہ حقیقت ہے جن کے تعاون،تجاویز اور رہنمائی سے کرسمس کے موقع پر بھی امن و امان کی شاندار روایات کو قائم رکھیں گے۔انہوں نے انہیں کرسمس کے حوالے سے کئے جانے والے ضروری انتظامات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ ضلع میں 9 سستے کرسمس خصوصی بازار24 دسمبر تک فنکشنل رہیں گے۔

انہوں نے مسیحی برادری کو کرسمس کی پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی پولیس کی طرف سے کرسمس کے موقع پر فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی جبکہ گرجا گھروں میں اونچی اور محفوظ جگہوں پر سکیورٹی اہلکار بھی ڈیوٹی انجام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلام اور آئین وقانون کے مطابق پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اس لئے کرسمس کے موقع پر سابقہ روایات کے مطابق سب مل کر کرسچین کمیونٹی کی خوشیوں میں شریک ہوں گے۔