کرسمس کے باعث فیصل آباد ریجن کے 339چرچز کی فول پروف سکیورٹی کیلئے تمام انتظامات مکمل

117
کرسمس کے باعث فیصل آباد ریجن کے 339چرچز کی فول پروف سکیورٹی کیلئے تمام انتظامات مکمل

فیصل آباد۔ 24 دسمبر (اے پی پی):مسیحی برادری کی کرسمس کی تقریبات کے خوشگوار، پر سکون اور پر امن ماحول میں انعقاد کیلئے فیصل آباد کے 259، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 70، جھنگ کے 8 اور چنیوٹ کے 2گرجا گھروں سمیت فیصل آباد ریجن کے 339چرچز کی فول پروف سکیورٹی کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جہاں پولیس افسران سمیت3072پولیس اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔

ترجمان ریجنل پولیس فیصل آباد رضوان بھٹی نے بتایا کہ آرپی او فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان کے احکامات پر کرسمس کے حوالے سے ریجن بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ریجن بھر میں کرسمس کے حوالے سے439مذہبی رسومات کی ادائیگی کی جا ئے گی جن میں سے ڈسٹرکٹ فیصل آباد میں 339،ڈسٹرکٹ جھنگ میں 9، ڈسٹرکٹ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 89اور ڈسٹرکٹ چنیوٹ میں 2مذہبی رسومات منعقد ہوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ کرسمس کی تمام تقریبات کے انٹری مقامات پر واک تھرو گیٹس نصب کئے گئے ہیں جہاں ہر شخص کو داخلے پر چیکنگ کروانا ہو گی۔ انہوں نے بتایاکہ اس موقع پر سپیشل برانچ، کوئیک رسپانس فورس اور انٹی ٹیرر سٹ فورس کا عملہ بھی ہائی الرٹ رہنے کے ساتھ ساتھ چرچز کے قرب و جوار کے علاقوں کا گشت جاری رکھے گا۔ انہوں نے بتایاکہ کرسمس کے ساتھ ساتھ نئے سال کی تقریبات کے موقع پر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ آج ڈولفن فورس، محافظ پولیس، ایلیٹ فورس کی گاڑیاں پٹرولنگ کے علاوہ غیر ملکی ڈپلومیٹ مشنز، چر چز سٹاف، کرسچن مشنریز اور این جی اوز کے عملہ کی حفاظت کیلئے چوکس رہیں گی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ مسیحی برادری کے افرادکرسمس کے موقع پر اپنے بہترین مفاد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سے بھر پور تعاون کریں گے۔ انہوں نے اس موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی اور اتحاد و یگانگت کی فضا کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔