کرسٹیانو رونالڈو کی ہزارگولز اور پرتگال کی کامیابیوں کےلئے کھیلنا جاری رکھنے کی تصدیق

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ کے خیالات کو مسترد کرتے ہوئے قومی ٹیم کی مزید کامیابیوں اور کیریئر کے 1,000 گولز کا سنگ میل عبور کرنے کے لیے کھیل جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔

لزبن۔24ستمبر (اے پی پی):پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ کے خیالات کو مسترد کرتے ہوئے قومی ٹیم کی مزید کامیابیوں اور کیریئر کے 1,000 گولز کا سنگ میل عبور کرنے کے لیے کھیل جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔

بی بی سی کے مطابق 41 سالہ النصر کے فارورڈ نے، جنہیں ہیڈ کوچ جارج جیزس نے ویلز کے خلاف نیشنز لیگ کے میچ کے لئے 25 رکنی سکواڈ میں شامل کیا ہے، بتایا کہ وہ اپنے ہدف سے محض 21 گول دور ہیں اور وہ اس تاریخی ہدف کو حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔لزبن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے بعد انہوں نے اپنے مستقبل کے بارے میں سوچا تھا، لیکن قومی ٹیم کے صدر اور کوچ سے بات چیت کے بعد انہیں احساس ہوا کہ وہ میدان کے اندر گول کر کے اور میدان سے باہر اپنے تجربے کے ذریعے نوجوان نسل کی رہنمائی کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کی جانب سے بے جا تنقید کے باوجود وہ اپنے مداحوں کی محبت کے باعث پرجوش ہیں اور ان کا مقصد پرتگال کے لیے ایک اور نیشنز لیگ کا ٹائٹل جیتنا اور 1,000 گولز کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنا ہے۔ وہ پرتگال کی 25 رکنی ٹیم میں شامل ہیں جو لزبن میں ویلز کے خلاف نیشنز لیگ مہم کا آغاز کرے گی۔

کرسٹیانو رونالڈو نے پرتگال کی نئی نوجوان نسل کی بھی تعریف کی اور کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کرنا ان کے قومی ٹیم کے ساتھ رہنے کے فیصلے کی اہم وجوہات میں شامل ہے۔ پانچ بار بیلن ڈی اور جیتنے والے کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح میدان میں اتر کر گول کرنا اور ٹیم کو میچز جتوانا ہے۔ انہوں نے مذاقاً یہ بھی کہا کہ شاید وہ مزید 10 سال تک کھیلتے رہیں۔

 

مزید خبریں