اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):پاکستان میں کرغیزستان کے سفیر اولان بیک توتوئیوف نے کہا ہے کہ کرغزستان اب بھی غیر ملکی طالب علموں کی طبی تعلیم کے لئے ایک مثالی ملک ہے اور ہماری حکومت نے ہمیشہ غیر ملکی طلبا کو ایک اچھا تعلیمی ماحول فراہم کیا ہے، بعض مقامی جرائم پیشہ عناصر نے صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی جس سے کرغزستان کی حکومت نے آئینی طور پر نمٹا اور پاکستانی طلبا اب کرغزستان میں مکمل طور پر محفوظ ہیں اور اپنی تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اس ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے تعلقات مثالی ہیں اور دونوں اسلامی برادر ممالک کے درمیان باہمی سفارتی اور اقتصادی تعلقات کی تاریخ قدیم شاہراہ ریشم پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں بعض عناصر نے پاکستان اور کرغزستان کے دوطرفہ تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کی جس کادونوں ممالک کو علم ہے اور دونوں ممالک کے عوام کو بھی اس کا ادراک ہونا چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صورتحال مکمل طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کنٹرول میں ہے اور شہریوں کے تحفظ اور امن عامہ کو یقینی بنایا گیا ہے۔ سفیر نے کہا کہ گزشتہ 13 مئی کی شام کو بشکیک کے مشرقی حصے میں ایک ہاسٹل میں مقامی اور غیر ملکی شہریوں کے درمیان جھگڑا ہوا اور پھر پولیس نے کرغیز جمہوریہ کے کریمنل کوڈ کے تحت فوجداری مقدمہ درج کیا اور جھگڑے کے تمام ملوث افراد کو پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لڑائی میں زخمی کرغیز شہریوں کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے نتیجے میں گزشتہ 18 مئی کی رات بشکیک میں لوگوں کا ایک ہجوم جمع ہوا اور غیر ملکیوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا تقاضا شروع کر دیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی کرغیز جمہوریہ کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے میں ملوث افراد کو حراست میں لینے کے لیے فوری اقدامات کیے جن میں غیر ملکی شہری (چار مصری باشندے ) اور کرغیز جمہوریہ کے تقریبا 10ً شہری شامل تھے۔
18 مئی کی رات فسادات کے بعد خطے کے داخلی امور کے ڈائریکٹوریٹ کے چیف سوورڈ لوفسک اور9 افسران کو بھی ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 20 مئی 2024 کو آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر کرغیز جمہوریہ کے وزیر خارجہ زین بیک کولوبیوف نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے دو طرفہ ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے کرغزستان اور پاکستان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری، ٹیکسٹائل، سیاحت اور تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور دیگر شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا، انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی سفارتکاری، ثقافتی اور انسانی تعلقات کے فروغ پر خصوصی زور دیا اور ساتھ ہی اعلیٰ سطح کے دوروں کے تبادلے پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔ کرغیز سفیر نے کہا کہ کرغیز عوام گہری مشترکہ تاریخ، ایک مذہب اور متعدد ثقافتی مماثلتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کے برادر عوام کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔