کرغزستان متاثرین کی بحفاظت وطن واپسی کیلئے گورنرہائوس سندھ میں سیل قائم

138
Kamran Khan Tesori

کراچی۔ 20 مئی (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی ہدایت پر کرغزستان سے پاکستانی طلباکی بحفاظت وطن واپسی میں مدد فراہم کرنے کے لئے گورنر ہائو س میں کرغزستان متاثرین گورنر سیل قائم کردیا گیا ہے ۔ گورنر ہائوس سے پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق سیل ایڈیشنل سیکرٹری ون کی سربراہی میں تین شفٹوں میں 24 گھنٹے کام کرے گا۔گورنر ہاؤ س سیل سے ہیلپ لائن 1366،واٹس ایپ نمبر 03162971504، لینڈ لائن نمبر 02199204748 اور ای میل [email protected] پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔سیل کرغزستان سے پاکستانی طلباکی بحفاظت واپسی کے لئے درکار مدد فراہم کرنے کے لئے طلباکے اہل خانہ سے درخواستیں / کالز / ای میلز / واٹس ایپ پیغامات وصول کرے گا۔

گورنر سیل سول ایوی ایشن اتھارٹی، کراچی اور اسلام آباد میں وزارت خارجہ، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے کام کرے گا۔سیل کے متعلقہ شفٹ انچارجز سے رپورٹ/ اسٹیٹس/ پیشرفت جمع و مرتب کرکے باقاعدگی سے ایڈیشنل سیکرٹری ون کو پیش کی جائے گی۔ایڈیشنل سیکرٹری ون متاثرین کو درپیش مسائل کا ازالہ کریں گے اور روزانہ کی بنیاد پرمربوط رپورٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری کو پیش کریں گے۔