کرغز رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر زومالیف کی پاکستانی تاجروں کو کاروباری مواقعوں کے تلاش کے لیے کرغزستان کے دورے کی دعوت

140
کرغزستان کے ممبر پارلیمنٹ

اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی): کرغزستان کے ممبر پارلیمنٹ اور پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے وفد کے سربراہ ڈاکٹر زومالیف نے پاکستانی تاجروں کو شراکت داری، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کی راہیں تلاش کرنے کے لیے اپنے ملک کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔

انہوں نے یہ بات منگل کو اپنے دورے کے آخری مرحلے میں یہاں کرغزستان ٹریڈ ہائوس کے چیئرمین مہر کاشف یونس کے زیر اہتمام تاجر برادری سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد کی ڈپٹی لیڈر محترمہ روزا امانونوا اور دیگر اراکین بھی ملاقات میں موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ کرغزستان صحت، تجارت، صنعت اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں متنوع مواقع فراہم کرتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے جس سے دونوں کو معاشی طور پر فائدہ ہو گا کیونکہ مشترکہ منصوبے اس خطے میں اہم پیشرفت لاسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صنعت اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں کرغزستان ہنر مند افرادی قوت اور کاروباری ترقی کے لیے سازگار حالات پیش کرتا ہے۔ باہمی تعاون کے ذریعے ہم ترقی کو فروغ دے سکتے ہیں اور دونوں ممالک کیلئے فائدہ مند منصوبے تشکیل دے سکتے ہیں۔

انہوں نے سرکاری حکام اور مقامی تاجر رہنمائوں کو دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ کرغزستان میں کاروباری ماحول اور سرمایہ کاری کے امکانات کے بارے میں آگاہی کے ساتھ ساتھ پاکستانی وفد کو ہمارے ملک کے دلکش مناظر اور بھرپور ثقافت کو دیکھنے کا موقع بھی ملے گا۔ ڈاکٹر زومالیف نے کہا کہ وہ کرغزستان میں پاکستانی وفد کی میزبانی کے منتظر ہیں جہاں ہم تعاون اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیل سے بات کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر مہر کاشف یونس نے کہا کہ باہم مل کر ہم صحت، تجارت، صنعت اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں روشن مستقبل کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تاجروں کو معلومات یا مزید رہنمائی درکار ہو تو وہ ان سے رابطہ کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں۔