کرم میں پولیو مہم جاری

65

پاراچنار۔ 09 جنوری (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع کرم میں بھی 5روزہ انسداد پولیو مہم جاری ہے۔ڈی پی او آفس سے جاری سکیورٹی پلان کے مطابق کرم پولیس کے 1600سے زائد جوان و افسران 596 پولیو ٹیموں کے ہمراہ سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کردئیے گئے ہیں اور پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی جانے سے قبل خصوصی بریفنگ بھی دی گئی ہے۔ سرکل پولیس افسران وقتاً فوقتاً چیک پوسٹوں، بی ایچ یوز اور مختلف ہسپتالوں کے دورے کرکے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں ۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرم محمد عمران پی ایس پی نےکہا کہ پولیو ٹیموں کے ہمراہ ڈیوٹی پر مامور پولیس حکام کی سکیورٹی نگرانی کے لئے کرم پولیس نے ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر سنیپ چیکنگ کے عمل کو مزید سخت کرکے موبائل پیٹرولنگ سمیت مختلف اور اہم پوائنٹس پر اضافی ناکہ بندیاں بھی قائم کر دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جوانوں کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے پولیو ڈیوٹی کے دوران تمام پولیس افسران اور اہلکار بلٹ پروف جیکٹس و ہیلمٹ کے استعمال کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ڈی پی او کرم نے کنٹرول روم کے ذریعے تعینات پولیس اہلکاروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جہاں بھی مشکوک شخص دکھائی دے فوراً متعلقہ ایس ایچ او یا کنٹرول روم کو اطلاع دیں ۔انسداد پولیو مہم کے دوران ڈیوٹی پرتعینات پولیس جوان ہائی الرٹ رہیں اور دوران ڈیوٹی موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں ۔انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ پولیو مہم کے دوران پولیس اور انسداد پولیو ٹیموں کیساتھ بھرپور تعاون کریں