پاراچنار۔ 07 اگست (اے پی پی):نو تعینات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرم احمد شاہ نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ۔ضلع کرم آمد پر ان کے دفتر میں ضلعی پولیس کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا ،انہوں نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور دعائیں مانگی ۔ ڈی پی او کرم احمد شاہ نے سلامی کے بعد اپنے آفس پاراچنار میں ایس پی انوسٹی گیشن مظہر جہان، ایس پی آپریشن محمد عباس و جہانزیب خان کے علاؤہ سرکلز ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور ایڈمن سٹاف کے ساتھ تعارفی میٹنگ کی ڈی پی او کرم احمد شاہ نے متعلقہ پولیس حکام کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں دیرپا امن و استحکام کی فضاء کو برقرار رکھنا اور عوام کی جان و مال کی حفاظت اولین ترجیحات میں شامل ہے پولیس اور عوام کے مابین مضبوط روابط اور قریبی تعلقات کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے سے معاشرتی ناسور منشیات جیسے گندگی کو ختم کرنا مشن ہے غیر قانونی اشیاء کی سمگلنگ اور دیگر سماجی برائیوں میں ملوث عناصر کسی صورت برداشت نہیں کئے جائینگے ،پولیس فورس میں کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں ہے لہٰذا تمام پولیس افسران اپنی ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر ادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ آئی جی پی اختر حیات خان ، آر پی او کوہاٹ ڈویژن شیر اکبر خان اور خیبرپختونخواہ پولیس فورس کے عین وژن کے مطابق فرائض کی انجام دہی دینی ہوگی
،کرم پولیس کو پروفیشنل فورس اور عوام کے محافظ کے طور پر سامنا لایا جائیگا عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائیں گے اور عوام کو جائز قانونی مدد فراہم کی جائے گی۔ نو تعینات ڈی پی او نے مزید کہا کہ پولیس فورس میں غفلت و لاپرواہی کے مرتکب اور بدعنوان اہلکاروں کی کوئی جگہ نہیں اور کارسرکار میں دلچسپی لینے اور فرائض منصبی احسن طریقے سے سر انجام دینے والے اہلکاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائیگی۔