
اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کرنل شیر خان (نشان حیدر) کی 25 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کرنل شیر خان شہید نشان حیدر نے مادر وطن کے دفاع کی خاطر جرأت و بہادری کی لازوال داستان رقم کی۔
جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کرنل شیر خان شہید نے مادر وطن کے دفاع کی خاطر جام شہادت نوش کیا۔ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والے شہداء ہمارے حقیقی ہیروز ہیں۔کرنل شیر خان جیسے جری سپوتوں کا نام تاریخ میں ہمیشہ زندہ و جاوید رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ قوم کے بہادر سپوت جنہوں نے اپنا آج ملک اور قوم کے کل پر قربان کیا ان کی قربانیوں کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔کرنل شیر خان نے کارگل کے محاذ پر جرأت و بہادری کی بے مثال داستان رقم کی۔ کرنل شیر خان شہید کی جرأت و بہادری پر پوری قوم کو فخر ہے۔