اسلام آباد ۔ 16 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کرونا وائرس کے عالمی معیشت پر اثرات کے تناظر میں ملکی معیشت کو کسی ممکنہ اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے وزیر خزانہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کردی ہے۔ وزیراعظم عوام کے ریلیف کی لئے اشیائے ضروریہ کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ پیر کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ کرونا وائرس کے عالمی معیشت پر اثرات کے تناظر میں ملکی معیشت کو کسی ممکنہ اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے وزیر خزانہ کی سربراہی میں اعلی سطحی کمیٹی قائم کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کا معاشی اور روزگار کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، پاکستانیوں نے بڑی بڑی مشکلات وآفات کا بہادری سے مقابلہ کیا ہے اور سرخرو ہوئے، انشاءاللہ ہم اس وبا ءکو بھی شکست دیں گے۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا کے ساتھ ہم نے احتیاط اور علاج کی حکمت عملی سے اس وباءکو شکست دینی ہے۔