کرونا وائرس دنیا کے 165 ممالک تک پھیل گیا، ہلاکتوں کی تعداد 7987 ہو گئی

68

واشنگٹن ۔ 18 مارچ (اے پی پی) کورونا وائرس دنیا کے 165 ممالک تک پھیل گیا، دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 7 ہزار 987 ہو گئی، ایک لاکھ 98 ہزار 422 افراد کورونا وائرس سے متا ثر ہو چکے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کو وائرس سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔اٹلی میں صورتحال بدترین ہو گئی، ایک روز میں مزید 345 افراد ہلاک ہو گئے ، مرنے والوں کی تعداد 2503 ہو گئی۔ ایران میں مزید 135افراد کی ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 988 تک جا پہنچی۔ سپین میں بھی کرونا سے مزید 191 افراد جان سے گئے تاہم چین میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے جہاں ایک روز میں 11 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 13 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ۔ امریکا میں کوروناسے مزید 29 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ مرنے والوں کی تعداد115ہو گئی ہے۔ امریکا نے کرونا وائرس سے پیدا ہونے والے معاشی بحران کے باعث ایک ٹریلین ڈالر کے پیکج کا اعلان کیا ہے جس میں سے 250 ارب براہ راست شہریوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔ بھارت میں کرونا سے ہلاک افراد کی تعداد 3 ہوگئی جبکہ 143 افراد متاثر ہیں۔ جرمنی میں26، جنوبی کوریا میں 84، فرانس میں 175، برطانیہ میں71، کینیڈا میں8افراد کووونا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔