کرونا وائرس کی صورتحال کے باعث ملک کے تین ایئرپورٹ بین الاقوامی پروازوں کے لئے کھلے رہیں گے، وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کی ”اے پی پی“ سے گفتگو

82
وفاقی وزیر غلام سرور خان کی زیر صدارت رضاکارانہ ملازمتوں سے برخاستگی سکیم کے تحت رقوم کی ادائیگیوں کے حوالے سے اجلاس
وفاقی وزیر غلام سرور خان کی زیر صدارت رضاکارانہ ملازمتوں سے برخاستگی سکیم کے تحت رقوم کی ادائیگیوں کے حوالے سے اجلاس

اسلام آباد ۔ 13 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی صورتحال کے باعث ملک کے تین ایئرپورٹ بین الاقوامی پروازوں کے لئے کھلے رہیں گے جبکہ باقی تمام ایئرپورٹس پر بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت معطل رہے گی۔ جمعہ کو وفاقی وزیر نے ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دنیا بھر میں لاکھوں افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور زیر علاج ہیں جبکہ ہزاروں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، اس لئے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک کے آٹھ بین الاقوامی ایئرپورٹس میں سے تین ایئرپورٹس پر بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ باقی پانچ ایئرپورٹس بین الاقوامی فضائی سروس کے لئے بند رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے ایئرپورٹس پر بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت جاری رہے گی۔ وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ ہوا بازی ڈویژن نے تمام بین الاقوامی ایئرپورٹس پر کرونا وائرس کے تحفظ کے حوالے سے تمام تر اقدامات کئے تھے تاہم قومی سلامتی کمیٹی کے جمعہ کے اجلاس میں کئے گئے فیصلہ کی روشنی میں پانچ ایئرپورٹس پر بین الاقوامی ایئرپورٹس کی آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی پروازوں کو صرف تین ایئرپورٹس پر ڈائیورٹ کرنے سے مسافروں کی تعداد بڑھ جائے گی، جس کے لئے اضافی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مندرجہ بالا ایئرپورٹس پر ایئر ٹریفک میں اضافے کے پیش نظر مسافروں کی سکریننگ سمیت دیگر سہولیات کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ غلام سرور خان نے کہا کہ سعودی حکومت نے سعودی عرب میں داخلے اور انخلاءکے لئے 72 گھنٹے کی ڈیڈ لائن مقرر کی تھی جو اتوار رات 12 بجے پوری ہو گی۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے ورک پرمٹ ہولڈر اور عمرہ زائرین کو پاکستان لانے کے لئے چھ اضافی پروازوں کا بندوبست کیا ہے جبکہ ساتویں پرواز کا بھی بندوبست کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی فضائی کمپنی دیگر نجی ایئر لائنز کی معاونت سے مزید پروازیں سعودی عرب کے لئے چلائے گی تاکہ پاکستان سے سعودی عرب جانے اور سعودی عرب سے وطن واپس آنے والوں کو سعودی حکومت کی مقرر کردہ ڈیڈ لائن سے قبل فضائی سفر کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔