کرونا وائرس 70 سے زائد ممالک تک پہنچ گیا، ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 3119 ہے، سعودی عرب اور یوکرین میں پہلا کیس رپورٹ

197
بھارت میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد ایک کروڑ 9 لاکھ سے تجاوز، ایک لاکھ 55 ہزار7 سو ہلاکتیں
بھارت میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد ایک کروڑ 9 لاکھ سے تجاوز، ایک لاکھ 55 ہزار7 سو ہلاکتیں

بیجنگ۔ 3 مارچ (اے پی پی) چین میں پھیلنے والا کرونا وائرس 70 سے زائد ممالک تک پہنچ گیا۔ چین میں مہلک وائرس نے مزید 31 افراد کی جان لے لی، وائرس سے متاثرہ ایران میں مزید 11، جنوبی کوریا میں 5 اور امریکہ میں 4 مریض دم توڑ گئے، اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 52 تک پہنچ گئی، جنوبی کوریا میں وائرس کا پھیلاﺅ تیزی سے جاری ہے، مزید 851 کیسز سامنے آ گئے، سعودی عرب اور یوکرین وائرس سے تازہ شکار ہونے والے ممالک میں شامل ہو گئے۔ دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 90 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ مجموعی طور پر ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3119 ہو گئی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق چین میں پھیلنے والا نوول کرونا وائرس تیزی سے دوسرے ممالک میں منتقل ہو رہا ہے اور اب تک 73 ممالک مہلک وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ چین میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 31 افراد دم توڑ گئے، تمام ہلاکتیں وائرس کا گڑھ سمجھا جانے والے صوبہ ہوبی میں ہوئی ہیں، چین میں وائرس سے اب تک 2943 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 125 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ گزشتہ چھ ہفتوں کے دوران کم ترین تعداد ہے جبکہ 80 ہزار سے زائد متاثرین ہیں۔ چین میں گزشتہ روز 2742 جبکہ اب تک مجموعی طور پر 47204 مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد ہسپتالوں سے ڈسچارج کیا گیا ہے اور 30004 لوگ ابھی بھی زیر علاج ہیں۔ ہانگ کانگ میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 100 ہو گئی ہے اور دو افراد وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں، مکاﺅ میں مزید 10 کیسز اور تائیوان میں 41 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، تائیوان میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ ہانگ کانگ میں 36، مکاﺅ میں 8 اور تائیوان سے 12 مریضوں کو ڈسچارج کیا گیا ہے۔ امریکہ میں مزید 4 ہلاکتوں کے بعد مرنے والے افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بڑی ادویات ساز کمپنیوں کے سربراہان اور سائنسدانوں سے ملاقات کی اور وائرس پر قابو پانے کیلئے تجاویز پر غور کیا، موسم سرما یا خزان کے آغاز تک مہلک وائرس کا علاج دستیاب ہو گا۔ ایران میں وائرس کے باعث مزید 11 ہلاکتیں ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 77 ہو گئی ہے، مزید 835 افراد میں وائرس کی تصدیق کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 2336 تک پہنچ گئی ہے۔ ایران میں مزید 66، بھارت میں 5، بحرین میں 49 اور برطانیہ میں 5 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، برطانیہ میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 40 ہو گئی ہے۔ جنوبی کوریا میں مزید 851 کیسز سامنے آ گئے جس کے بعد تعداد 5186 ہو گئی، 5 مزید ہلاکتوں کے بعد مجموعی تعداد 31 ہو گئی ہے۔ کینیڈا میں 3 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد تعداد 27 ہو گئی ہے۔ اسی طرح اٹلی میں متاثرہ افراد کی تعداد 1835 ہو گئی ہے جبکہ مجموعی طور پر 52 ہلاکتیں ہو چکی ہیں اور 258 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ چین کے علاوہ وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 10134 اور ہلاکتیں 166 ریکارڈ کی گئیں۔ جاپان میں 254 کیسز اور 12 ہلاکتیں، جرمنی میں متاثرین کی تعداد 157 ہو گئی، فرانس میں 130 متاثر ہیں اور تین ہلاک ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ مہلک کرونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 3119 ہو گئی ہے جبکہ 90 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔ یوکرین اور سعودی عرب میں بھی کرونا وائرس کا پہلا ایک ایک کیس سامنے آ گیا ہے۔