گوجرانوالہ۔ 09 دسمبر (اے پی پی):سنی اتحاد کونسل کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی،ڈویژنل صدر الحاج سرفراز احمد تارڑ اور صاحبزادہ محمد نعمان صدیقی نے یوم انسداد کرپشن کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ کرپشن اور بدعنوانی ملک کیلئے ناسور اور ترقی و خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے،کرپشن کے باعث ملک معاشی عدم استحکام کا شکار ہے،اگر کرپشن کو نہ روکا گیا تو ہمارا مستقبل روشن نہیں ہوگا
انہوں نے کہا کہ یہ ناسور ہماری ترقی اور تمام تر وسائل کا بھی دشمن بن چکا ہے،پاکستان کے سرکاری محکموں میں کرپشن اس وقت سب سے بڑا مسئلہ ہے جبکہ خراب طرز حکمرانی کرپشن کی وجہ ہے،ماضی میں ایک دوسرے پر کرپشن کے کیسز بنانے والے مفادات کیلئے آج پردے ڈال رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام کسب حلال کی تعلیم اور حرام مال خواہ کسی بھی ذریعے سے کمایا جائے اسے ناجائز اور جہنم کا ایندھن قرار دیتا ہے،کرپشن کا خاتمہ کئے بغیر ملک میں معاشی استحکام ممکن نہیں۔