اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ کرپشن تمام برائیوں کی جڑ ہے، نیب کی ”احتساب سب کا” کی پالیسی کے بہترین نتائج برآمد ہونا شروع ہو گئے ہیں، نیب کرپشن سے آہنگی ہاتھوں سے نمٹنے کا عزم کئے ہوئے ہے اور کرپشن کے خلاف جنگ کو قومی ذمہ داری سمجھتا ہے۔ منگل کو جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے، نیب کے افسران نے جس جانفشانی، محنت، عزم، شفافیت اور میرٹ کا مظاہرہ کیا ہے اسے قومی اور بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا ہے۔ نیب کے افسران نے کرپٹ عناصر کو پکڑنے کیلئے اپنی کوششوں کو مزید تیز کیا ہے اور ان سے پاکستان کے معصوم شہریوں کی محنت کی کمائی برآمد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب ایک نئے جذبہ سے کام کر رہا ہے اور تفصیلی تجزیہ اور تنظیمی، آپریشنل جائزے اور پراسیکیوشن کی خوبیوں اور خامیوں، طریقہ کار بہتر کرنے کے ذریعے اور ادارے کے آپریشنز، پراسیکیوشن، ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ اور آگاہی اور بچائو سمیت تمام شعبوں کو دوبارہ متحرک کیا گیا ہے۔