کرپشن دنیا بھر میں سلامتی اور استحکام کے لیے خطر ہ ہے، شیر علی آفریدی

130
Khyber Pakhtunkhwa Assembly
Khyber Pakhtunkhwa Assembly

پشاور۔ 09 دسمبر (اے پی پی):رکن خیبرپختونخوا اسمبلی وڈیڈک چیئرمین پشاور شیر علی آفریدی کاگزشتہ روز گورنمنٹ ہائی سکول شیر کیرہ میں انسدادِ بد عنوانی کے حوالے سے آگاہی سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔سیمینار میں اساتذہ کرام،طلبہ اور علاقے کے سماجی و سیاسی شخصیات سمیت متعلقہ افراد نے شرکت کی ‘پروگرام میں طلبہ کی جانب سے بدعنوانی کے موضوع پر تقاریر پیش کی گئی۔

اس موقع پر ڈیڈ ک چیئرمین و ایم پی اے شیر علی آفریدی نے بدعنوانی کے منفی اثرات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کا ناسور دنیا بھر میں سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ، معاشی ترقی میں رکاوٹ ، جمہوریت اور انسانی حقوق کو کمزور کرتا ہے جبکہ سرکاری اداروں پر اعتماد کو ختم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے بدعنوانی کے روک تھام میں ہمیں بھر پور اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔انہوں نے عوام میں آگاہی، شعور و بیداری پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایمانداری، دیانت داری اور اصول پسندی کو اپنی کردار کا حصہ بنائیں، ہم سب نے مل کر بدعنوانی کے خاتمے کے لئے کام کرنا ہے ۔

شیر علی آفریدی نے گورنمنٹ ہائی سکول شیر کیرہ میں جلد آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ بنانے کی بھی یقین دہائی کرائی اور پروگرام کے اختتام پر ملک کی سلامتی، بقا اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔