کراچی ۔ 20جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے جمعہ کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اس عزم کا دہرایا ہے کہ کرپشن کے خلاف مجوزہ قانون کو پارلیمنٹ سے منظور کر لیا جائے گا اور اگر پارلیمنٹ سے نہ ہو سکا تو مشترکہ اجلاس بلا کرمنظور کروائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں چائنیز کنسورشیم اور پی ایس ایکس کے درمیان ایکویٹی کی خریداری کے معاہدے پر دستخطی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ باوجود اس کے کہ بعض سیاسی جماعتیں اس حوالے سے مشکلات پیدا کر رہی ہیں لیکن حکومت آسانی کے ساتھ بل کو پارلیمنٹ سے منظور کروا لے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن سے بھی منظور کروا سکتے ہیں۔