کرپٹ زدہ اور قبضہ مافیا کے اہم کرداروں کو اکٹھا کرکے عمران خان کسی صورت میں کامیابی حاصل نہیں کر سکتے، برجیس طاہر

86

اسلام آباد ۔ 08 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر براے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی بنیاد ملک میں انصاف کے قیام اور نیا پاکستان تشکیل دینے کےلئے کی تھی جس کےلئے انہوں نے ملک کو نئی نوجوان قیادت دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن افسوس اس امر کا ہے کہ تحریک انصاف میں نئی نوجوان قیادت تو درکنار، عمران خان نے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کےلئے دیگر جماعتوں کے موسمی اور کرپٹ سیاسیتدانوںکو اکٹھاکرنا شروع کر دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج اگر عمران خان کے اردگرد موجود لوگوں کو دیکھا جائے تو اس سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ عمران خان ملک میں انصاف پر مبنی اداروں کے قیام اور نئے پاکستان کی تشکیل میں کس قدر سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے اردگرد کرپٹ زدہ اور قبضہ مافیا کے اہم کرداروں کو اکٹھا کرنے سے عمران خان کسی صورت میں کامیابی حاصل نہیں کر سکتے اور 2013ءسے بھی بدترین شکست ان کا مقدر بنے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اقتدار کے پجاری آج پیپلز پارٹی کو خیرباد کہہ کر تحریک انصاف کا رخ کر رہے ہیں لیکن ان اقتدار کے پجاریوں کو اس حقیقت کا اچھی طرح علم ہونا چاہئے کہ عوام کرپشن کے اہم کرداروں سے بخوبی واقف ہیں جس کا وہ آئندہ انتخابات میں بھرپور احتساب کریں گے۔