کینبرا۔8فروری (اے پی پی):کرکٹ آسٹریلیا(سی اے ) نے دورہ پاکستان کے لیے 18 رکنی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کر دیا۔آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے جبکہ سٹیو ن سمتھ نائب کپتان ہوں گے۔
کرکٹ آسٹریلیا نے24 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی 18رکنی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا۔ کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان میں کرکٹ سیریز کے حوالے سے انتظامات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے فل سٹرنتھ ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کیا ہے، کوئی کھلاڑی سیریز سے دستبردار نہیں ہوا اور انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز 0-4 سے جیتنے والی ٹیم کو برقرار رکھا گیا ہے۔
اعلان کر دہ 18 رکنی آسٹریلوی ٹیسٹ سکواڈ میں پیٹ کمنز کپتان ،سٹیون سمتھ نائب کپتان ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں آشٹن آگر ، سکاٹ بولینڈ ،ایلیکس کیری ، کیمرون گرین، مارکوس ہیرس ، جوش ہیزل ووڈ ،ٹریوس ہیڈ ،جوش انگلس، عثمان خواجہ ، مارنوس لابو شین، نیتھن لیوئن ،مچل مارش ، مائیکل نیسر ، مچل سٹارک ،مچل سویپسن اور ڈیوڈ وارنر شامل ہیں۔وائٹ بال کرکٹ سیریز میں شامل تین ون ڈے اور ایک ٹی 20میچ کے لیے ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کرکٹ آسٹریلیا نے بورڈ میٹنگ کے بعد دورہ پاکستان کی باضابطہ تصدیق کی تھی، آسٹریلین ٹیم 1998کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔گزشتہ دنوں ہی پی سی بی نے دورے کے نئے شیڈول کا اعلان کیا ، دورہ اب کراچی کے بجائے راولپنڈی سے شروع ہوگا اور پنڈی ہی میں ختم ہوگا۔آسٹریلوی ٹیم 4سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی، چاروں وائٹ بال میچز لاہور کی بجائے راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
کینگروز 5 اپریل کو راولپنڈی میں آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیل کر وطن لوٹ جائیں گے ۔سیریز شیڈول کے مطابق دوسرا ٹیسٹ 12 سے 16 مارچ تک کراچی اور تیسرا 21 سے 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔ مقامات میں تبدیلی یوم پاکستان کی ریہرسل اور لاجسٹک وسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔دونوں بورڈز نے اتفاق کیا ہے کہ مہمان ٹیم بذریعہ چارٹرڈ پرواز اسلام آباد پہنچے گی، آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد انہیں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔