کراچی۔4نومبر (اے پی پی):مائک گیجر کی سربراہی میں کرکٹ جنوبی افریقہ کے 4 رکنی وفد نے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور جنوبی افریقن کرکٹ ٹیم کے متوقع دورہ پاکستان سے متعلق سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ وفد کا استقبال ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد نے کیااور وفد کو سائوتھ افریقی ٹیم کے متوقع دورہ پاکستان اور خاص طور پر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچز سے متعلق کئے گئے سیکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیا۔ڈی آئی جی مقصود احمد نے مزید بتایا کہ ایس ایس یو کے کمانڈوز کو جدید پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی گئی ہے، جدید ہتھیاروں اورمواصلاتی نظام سے لیس ایس ایس یو کی(SWAT) ٹیم سماج دشمن عناصر کی طرف سے پیدا کی گئی کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔مزید برآں وفد نے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اورپیشہ وارانہ معیار برقرار رکھنے اور پولیس کمانڈوز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بڑھانے کے لئے کی گئی کائوشوں کو سراہا۔وفد نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے ممکنہ کرکٹ میچوں کے سلسلے میں سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔