لندن ۔ 14 اگست (اے پی پی) کرکٹ کی 2028ءاولمپکس گیمز میں ممکنہ شمولیت سے قبل کرکٹ کو 21 برس بعد دوبارہ کامن ویلتھ گیمز کا حصہ بنا دیا گیا ہے، 2022ءمیں برمنگھم، برطانیہ میں شیڈول گیمز میں صرف ویمنز ایونٹ کھیلا جائے گا، مینز ایونٹ کی شمولیت کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ اس سے قبل آخری بار 1998ءمیں کامن ویلتھ گیمز میں کرکٹ ایونٹ کا انعقاد ہوا تھا جب فائنل میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو ہرا کر سونے کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔ کامن ویلتھ گیمز فاﺅنڈیشن (سی جی ایف) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ویمنز کرکٹ کو 2022ءمیں شیڈول کامن ویلتھ گیمز میں شامل کر لیا گیا ہے جو کہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا، ایونٹ کے تمام میچز ایجبیسٹن میں کھیلے جائیں گے۔