کراچی۔19نومبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ کھیل کے فروغ کے لئے ماڈرن ٹیکنالوجی اور موبائل ایپس استعمال کی جائیں۔ جمعرات کو پاکستان کرکٹ بورڈ کو تجویز دیتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ موبائل ایپس اور ٹیکنالوجی استعال کرکے پاکستان کرکٹ خصوصاً گراس روٹ لیول پر نوجوانوں کی مزید حوصلہ افرائی کی جاسکتی ہے۔ سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کرکٹ کو ڈیجیٹلائزکیا جائے۔وسیم اکرم نے کہا کہ پوری دنیا میں اب ڈیجیٹل ڈیٹا اور سٹریمنگ سے نہ صرف انٹرنیشنل بلکہ فرسٹ کلاس، کلب اور گراس روٹ لیول پر کرکٹ کو نئے انداز سے پیش کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں استعمال ہونیوالی کرکٹ موبائل ایپ کرکس لیب کا استعمال پاکستان کرکٹ میں بھی ہونا چاہیے۔ کرکس لیب کے ذریعے فرسٹ کلاس، کلب، گراس روٹ ہر طرز کی کرکٹ نہ صرف ڈیجیٹلائزکی جا سکتی ہے وہیں اس کے ڈیٹا، سٹیٹس، ویڈیوز سے ہمیں نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔