18.2 C
Islamabad
جمعرات, مارچ 13, 2025
ہومتازہ ترینکریڈٹ ریٹنگ کی عالمی ایجنسی موڈیز کا پاکستان کے بینکنگ شعبہ کے...

کریڈٹ ریٹنگ کی عالمی ایجنسی موڈیز کا پاکستان کے بینکنگ شعبہ کے پیش منظر کو "مستحکم” سے "مثبت” میں اپ گریڈکرنے کا اعلان

- Advertisement -

اسلام آباد۔12مارچ (اے پی پی):کریڈٹ ریٹنگ کی عالمی ایجنسی موڈیز نے بدھ کو پاکستان کے بینکنگ شعبہ کے پیش منظر کو "مستحکم” سے "مثبت” میں اپ گریڈکرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ پاکستان کے معاشی حالات میں بہتری اور بینکوں کی مالی کارکردگی میں استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔موڈیز کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ پاکستان کی معیشت میں بہتری آ رہی ہے،

فروری میں مہنگائی کی شرح تقریباً ایک دہائی کی کم ترین سطح 1.5 فیصد تک آ گئی ہے۔ پاکستان اس مالی سال میں 3.6 فیصد معاشی ترقی کی توقع رکھتا ہے اور اس کے زرمبادلہ کے ذخائر جون تک 13 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی امید ہے۔موڈیز نے مزید کہا کہ اس مثبت آئوٹ لک کی پیش گوئی حکومت کے Caa2 کے مثبت آئوٹ لک کے مطابق ہے جو گزشتہ اگست میں جاری کیا گیا تھا۔ اس میں پاکستان کے بینکوں کی حکومتی سکیورٹیز میں بڑی سرمایہ کاری کو بھی اہمیت دی گئی ہے جو بینکنگ اثاثوں کا تقریباً نصف حصہ ہیں۔

- Advertisement -

موڈیز نےکہا کہ پاکستان کی معیشت 2025ء میں 3 فیصد تک بڑھنے کی توقع ہے جبکہ 2024ء میں یہ شرح 2.5 فیصد اور 2023ء میں -0.2 فیصد تھی۔موڈیز کے مطابق ملک میں مہنگائی 2024ء میں اوسطاً 23 فیصد تھی جو 2025ء میں 8 فیصد کی اوسط تک کم ہو سکتی ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان کے بینکوں میں قرضوں کی تشکیل سست ہو جائے گی اور سود کی شرح میں کمی کے سبب نیٹ انٹرسٹ مارجن میں بھی کمی آئے گی۔موڈیز کے مطابق پاکستان نے اپنے توانائی اور ٹیکس کے شعبوں میں اصلاحات کی ہیں اور آئی ایم ایف کے پروگرام کے مطابق خسارے میں چلنے والے کاروباری اداروں کی نجکاری کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=571683

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں