اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):کریڈٹ کارڈز کے ذریعے خریداری اور ادائیگیوں میں ماہانہ بنیادوں پر 30.5 فیصد کانمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سےجاری رپورٹ کے مطابق جولائی میں صارفین نے کریڈٹ کارڈز کےذریعے 163 ارب روپے کی خریداری اور ادائیگیاں کی ہیں جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 30.5 فیصد زیادہ ہیں۔
گزشتہ سال جولائی میں صارفین نے کریڈٹ کارڈز کے ذریعے 125 ارب روپے کی خریداری اور ادائیگیاں کی تھیں ۔ جون کے مقابلے میں جولائی میں کریڈٹ کارڈز کے ذریعے خریداری میں ماہانہ بنیادوں پر 2.6 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، جون میں صارفین نے کریڈٹ کارڈز کے ذریعے 159 ارب روپے کی خریداری اور ادائیگیاں کی تھیں۔
واضح رہے کہ جولائی کے اختتام تک بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات کا حجم 9 ہزار 483 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 14.4 فیصد زیادہ ہے۔