کریک ڈاؤن کے دوران فیلڈ فارمیشنز نے 5743 میٹر چیک کئے اور 105 میٹرز مختلف ذرائع سے بجلی چوری میں ملوث پائے گئے

51

اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):حکومت کی ہدایت پر اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے بجلی چوری کے خلاف مہم تیز کرتے ہوئے رواں ماہ کے دوران مختلف علاقوں میں بجلی چوری کرنے پر 105 میٹر پکڑ کر ان پر 7.567 ملین روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ آئیسکو چیف ڈاکٹر محمد امجد نے ایک بیان میں کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف موجودہ کریک ڈاؤن کے دوران فیلڈ فارمیشنز نے 5743 میٹر چیک کئے اور 105 میٹرز مختلف ذرائع سے بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ 73 میٹروں میں چھیڑ چھاڑ پائی گئی جبکہ 22 کو براہ راست بجلی کی فراہمی ہو رہی تھی۔انہوں نے کہا کہ 177,000 یونٹس سے زائد چارج کرتے ہوئے بجلی چوروں پر 7.567 ملین روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر توانائی کی ہدایت پر آئیسکو نے اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال سمیت تمام سرکلز میں بجلی چوروں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا ہے۔آئیسکو چیف نے کہا کہ تمام آپریشن سرکلز بشمول انچارج ایگزیکٹوز اور ایس ڈی اوز اپنے اپنے علاقوں میں صنعتی، تجارتی، گھریلو اور دیگر ٹیرف کیٹیگریز کا سختی سے معائنہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ اور پولیس بھی آپریشن کو انجام دینے میں کمپنی کی مدد کر رہی ہے۔انہوں نے افسران اور عملہ کی پوری لگن کے ساتھ حکومت کی زیر قیادت اس مہم کی کامیابی پر اعتماد کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بجلی کی چوری عوام اور سرکاری اداروں پر اضافی بوجھ ڈالتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس لعنت سے نمٹنے کے لیے ایجنسیوں اور عوام دونوں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر محمد امجد نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ بجلی چوری اور سہولت کاروں کی اطلاع موبائل نمبر 03195991304 پر اینٹی پاور تھیفٹ فوکل پرسن یا 0519252933 نمبر پر کمپلینٹ اینڈ مانیٹرنگ سیل کو دے کر اپنی قومی اور اخلاقی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔