کامیاب پاکستان پروگرام محدود وسائل والے 37 لاکھ خاندانوں کو 1400 ارب سے معاشی طور اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کےلئے شروع کیا گیا ہے ، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا ٹویٹ

123

اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ‏وزیراعظم عمران خان کا خواب ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی نظام، معاشی ترقی اور خوشحال عوام ہے،محدود وسائل والے 37 لاکھ خاندانوں کو 1400 ارب سے معاشی طور اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کےلئے کامیاب پاکستان پروگرام شروع کیا گیا ہے، اس سے غربت کے خاتمے،محروم طبقات کو با اختیار بنانے میں مدد ملے گی۔

پیر کو اپنے ٹویٹ میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ کامیاب کسان کے ذریعے کسانوں کو بلا سود قرضے دئیے جائیں گے،کامیاب کاروبار پروگرام کے تحت کاروبار کے لئے پانچ لاکھ تک بلا سود قرضے دئیے جائیں گے،سستا گھر سکیم کے تحت اپنا گھر بنانے کے لئے آسان اقساط پر فنانسنگ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے اور فنی تعلیم اور صحت انصاف کارڈ بھی کامیاب پاکستان پروگرام کا حصہ ہے۔