کسانوں کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،حکومت مقامی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے،تسنیم قریشی

130
کسانوں کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،حکومت مقامی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے،تسنیم قریشی

لاہور۔29نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار تسنیم قریشی نے کہا ہے کہ کسانوں کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے معاشی اور سیاسی استحکام وقت کی ضرورت ہے،حکومت مقامی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے،لوگوں کو بہتر روگازکی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں’نیشنل فرٹیلائزر مارکیٹنگ لمیٹڈ کے ملازمین کو مستقل کرنے کے لیے بھی اقدامات کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز نیشنل فرٹیلائزر مارکیٹنگ لمیٹڈ کے دورہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔معاون خصوصی نے کہاکہ ملک میں معاشی استحکام سیاسی استحکام سے مشروط ہے، غیر یقینی سیاسی صورتحال سے معاشی ترقی کی رفتار سست روی کا شکار ہو جاتی ہے،حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ مقامی سرمایہ کاروں کی بھی حوصلہ افزائی کر رہی ہے، موجودہ حکومت ملکی معیشت کی بحالی کے لئے سازگار ماحول پیدا کر رہی ہے’مشکلات ضرور ہیں لیکن اچھی حکمت عملی سے ان مشکلات پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔

معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار تسنیم قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے کسانوں کو دیئے جانے والے حالیہ پیکج سے زرعی پیداوار میں اضافہ ‘کسان خوشحال اور ملک زرعی لحاظ سے مالا مال ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور لوگوں کو روزگار فراہم کرنا ہے،ہم نے ہمیشہ عوام کو بہتر روز گار فراہم کیا کسی سے روز گار چھینا نہیں ‘پہلے بھی ملازمین کو بحال کیا اور اب بھی کر رہے ہیں،اس حوالے سے پارلیمانی کمیٹی اپنا بھرپور کام کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت جب بھی اقتدار میں آئی تو انہوں نے کسانوں کو سہولیات دیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل فرٹیلائزرمارکیٹنگ لمیٹڈ ایک اہم ادارہ ہے جس کا زراعت کی بہتری کے حوالے سے بھرپور کردار رہا ہے’نیشنل فرٹیلائزرمارکیٹنگ لمیٹیڈ نے یوریا کھاد کی قیمتوں میں استحکام کے لئے حوصلہ افزا اقدامات کئے ہیں ،جس سے کسانوں کو بھرپور فائدہ ہو اہے۔

معاون خصوصی نے نیشنل فرٹیلائزرمارکیٹنگ لمیٹڈ کی طرف سے کئے گئے تمام اقدامات کو سراہا۔قبل ازیں نیشنل فرٹیلائزرمارکیٹنگ لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر خالد سلیم نے معاون خصوصی کو ادارے کی کارکردگی بارے بریفنگ دی اور بتایا کہ نیشنل فرٹیلائزرمارکیٹنگ لمیٹڈکسانوں کو سستی یوریا کھاد کی فراہمی اور ملک میں کمی کو پورا کرنے اور قیمتوں میں استحکام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

بعد ازاں معاون خصوصی تسنیم قریشی نے نیشنل فرٹیلائزرمارکیٹنگ لمیٹڈ میں مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ‘سینئر منیجر فاروق جلال’اسسٹنٹ منیجر فرحان’اسسٹنٹ منیجر مدثرحسن سمیت دیگر بھی موجود تھے۔