ملتان ۔ 03 ستمبر (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن مریم خان نے کہا ہے کہ کسانوں کو مختلف سرکاری اسکیموں سبسڈی ،قرض، انشورنس کی سہل فراہمی کے لیے پنجاب کسان کارڈ کا اجراء کر دیا ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کسانوں کو معاشی مستحکم کرنے کیلئے انقلابی اقدام ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کسان کارڈ سکیم بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے محکمہ زراعت، بینک آف پنجاب، ضلعی انتظامیہ کو فول پروف انتظامات یقینی بنانے کا حکم دیا۔
اجلاس میں کمشنرملتان کو ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر زراعت نے تفصیلی بریفنگ دی۔ڈائریکٹر زراعت شہزاد صابر نے بریفنگ میں بتایا کہ سکیم کے لیے کسانوں کی رجسٹریشن آن لائن کی جا رہی ہے۔تمام ایسے کسان جو 5 ۔12ایکڑ تک اراضی کے مالک ہیں اس سکیم کے لیے اہل ہوں گے۔کسانوں کو اپنے ہی شناختی کارڈ(پی ایم ڈی تصدیق شدہ )کے خلاف موبائل سم رجسٹر کرانا ہو گا۔وہ کسان جو زمین کے مالک ہیں اور جن کا زمینی ریکارڈPLRA میں دستیاب ہے وہ قرض کے حقدار ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کے رجسٹریشن ڈیٹا بیس(پی آئی ٹی بی کے ذریعے )اور PLRA ریکارڈ کے درمیان ایک انٹرفیس بنانے کے ذریعے کسان کی ڈیجٹل طور پر تصدیق کی جائے گی ۔زمین کی رجسٹریشن اور تصدیق کے بعد نادرا ،پی ایم ڈی ای ای سی آئی بی سے تصدیق کی جائے گی۔
تصدیق کے بعد کسانوں کو بینک آف پنجاب کی طرف سے وزیر اعلٰی کسان کارڈ جاری کیا جائے گا۔ابتدائی طور پر کسانوں کو پہلے آئیے اور پہلے پائیں کی بنیاد پر قرض کی سہولت فراہم کی جانے گی۔فی سیزن فی کسان زیادہ سے زیادہ 5 ایکڑ کے لیے150،000روپے ہوگا(30،000روپے فی ایکڑ )،قرض کی رقم صرف زرعی آلات(کھاد،بیج وغیرہ ) کی خریداری کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے۔ڈویژن میں اب تک 1 ایکڑ سے کم15024 کسان ،12 ایکڑ سے زائد 3604 کسان رجسٹر ہو چکے ہیں ۔