رحیم یار خان ۔6مئی (اے پی پی):ضلع رحیم یار خان کی کاشتکار برادری نے کسان کارڈ کا اجرا کو جدید زراعت اور کسان کی خوشحالی کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نہ صرف زرعی شعبہ ترقی کرے گا بلکہ کسان بھی خوشحال ہوگا اور کسان کی خوشحالی سے ملک خوشحال ہوگا۔
رحیم یار خان کے زمیندارمیاں عامر اقبال نے’’ اے پی پی ‘‘سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسان کارڈ کے اجرا پر وزیراعظم عمران خان کے مشکور ہیں اور تمام کسان برادری کی جانب سے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ کے اجرا سے کسان مختلف زرعی اجناس، بیچ،ادویات پر سبسڈی حاصل کرسکے گا، میاں عامر اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت کا یہ اقدام جدید زراعت اور کسان کی خوشحالی کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے ، اس سے نہ صرف زرعی شعبہ ترقی کرے گا بلکہ کسان بھی خوشحال ہوگا اور کسان کی خوشحالی ملک کی خوشحا لی تصور کی جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ اس کارڈ سے براہ راست کسان کو فائدہ ہوگا، کسان اپنی مصنوعات اور پیداوار کو بڑھا کر انہیں برآمد بھی کر سکے گا اور اس طرح وہ وزیراعظم اور وزیر اعلی کے ویزن کے مطابق ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں گے۔
ضلع رحیم یار خان کے ایک اور کاشتکار عبدالحمید نے کہا کہ کسان کارڈ سے ہمیں بہت سہولت ملے گی اور سب سے خوش آئند بات یہ ہے کہ اس عمل میں مڈل مین کا کوئی کردار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فصلیں بروقت کھیتوں سےمنڈیوں تک جاسکیں گی اور ہماری محنت کا صحیح صلہ ملے گا، اس اقدام پر ہم حکومت کے بہت مشکور ہیں۔