کسان کارڈ کی رجسٹریشن کیلئے ا ب تک 12 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں،ترجمان نظامت اطلاعات

215
Kisan Card
Kisan Card

فیصل آباد۔ 05 جون (اے پی پی):پنجاب بھر میں کسان کارڈ کی رجسٹریشن کیلئے ا ب تک 12 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جبکہ مزید درخواستوں کی وصولی کا عمل جاری ہے نیزوزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈاورٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام صوبہ میں زرعی خوشحالی کیلئے ایک گیم چینجر ثابت ہوگا۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کی رجسٹریشن کے ذریعے 300 ارب روپے کی خطیر رقم سے کاشتکاروں کو بلا سود زرعی قرضہ حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کا مقصد کاشتکاروں کی خوشحالی اور بہتری ہے اسی لئے کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں کو مڈل مین کے استحصال سے بچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو ایک فصل کیلئے30 ہزار روپے فی ایکڑ تک بلا سود زرعی قرضہ فراہم کیا جائے گاتاہم حکومت پنجاب کسان کارڈ کا دائرہ کار اور فنڈنگ مزید بڑھائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سکیم سے 1 تا 12.5 ایکڑ زرعی اراضی کے مالکان مستفید ہوں گے، یہ منصوبہ محکمہ زراعت اور بینک آف پنجاب کے باہمی اشتراک سے شروع کیا گیا ہے جس کے تحت وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ سے ڈیڑھ لاکھ روپے تک فی کسان بلا سود زرعی قرضہ حاصل کر سکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکار اپنی فصل کیلئے زرعی مداخل کی خرید بروقت کر پائیں گے جس سے فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کاشتکاروں سے اپیل کی کہ کاشتکار کسان کارڈ کا قرضہ چھ ماہ کے اندر اندر ادا کردیں جس سے اگلی فصل کے لیے بھی بلا سود زرعی قرضہ کی دستیابی ممکن ہو سکے گی۔انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ سے 5 لاکھ کاشتکار مستفید ہوں گے اوروزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کی رجسٹریشن کے لیے ”پہلے آئیے پہلے پائیے” کی بنیاد پر عملدرآمد جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں کو معیاری کھاد اور بیج مقرر کردہ قیمتوں پر دستیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ کے اجرا کیلئے کاشتکاروں کو کسی بھی دفتر کا چکر نہیں لگانا پڑے گا اور کاشتکاروں کی آسانی کے لیے بذریعہ ایس ایم ایس الرٹ کسان کارڈ کا حصول کیا جا سکے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ کسان کارڈ کے اجراکے لیے محکمہ زراعت، بینک آف پنجاب،نادرا، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی مل کر کام کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں کو مزید سہولیات اور سروسز فراہم کی جائیں گی۔