کسٹم ڈیوٹی کی وصولی میں جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں 10 فیصدکااضافہ

182
کسٹم ڈیوٹی کی وصولی میں جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں 10 فیصدکااضافہ

اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):کسٹم ڈیوٹی کی وصولی میں گزشتہ مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پرکمی ریکارڈکی گئی ہے تاہم جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں اس مد میں وصولیوں میں سالانہ بنیادوں پر10 فیصدکااضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔وزارت خزانہ اورایف بی آر کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2023 میں کسٹم ڈیوٹی کی مدمیں 9 کھرب،34 ارب، 82 کروڑ ،30 لاکھ روپے وصول کئے گئے جومالی سال 2022 کے مقابلہ میں 8 فیصدکم ہے، مالی سال 2022 میں کسٹم ڈیوٹی کی مدمیں 1.009 ٹریلین روپے وصول کئے گئے تھے۔

کسٹم ڈیوٹی کی مدمیں وصولیوں میں کمی کی بنیادی وجہ ملکی درآمدات میں نمایاں کمی ہے۔اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ایف بی آر نے مجموعی طور پر 1207 ارب روپے کے محصولات اکٹھے کیے جبکہ ہدف 1183 ارب روپے تھا۔ انکم ٹیکس کی مد میں 488 ارب روپے وصول کئے گئے جو گزشتہ سال کے 347 ارب روپے کے مقابلہ میں 41 فیصد زیادہ ہے۔

سیلز ٹیکس کی مد میں وصولیوں کا حجم 473 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 407 ارب روپے کے مقابلہ میں 16 فیصدزیادہ ہے۔فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں وصولیوں کا حجم 80 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 57 فیصد زیادہ ہے۔

ان لینڈ ریونیو ٹیکسوں کی وصولی کی شرح میں مجموعی طور پر 29 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ کسٹم ڈیوٹی کی مد میں وصولیوں کا حجم 166 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے 151 ارب روپے کے مقابلہ میں 10 فیصد زیادہ ہے۔