پیانگ یانگ۔3فروری (اے پی پی):شمالی کوریا نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کو ملک کو ایک ’’بدمعاش ملک ‘‘ کہنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے تبصرے کو’’احمقانہ ‘‘قرار دیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پیر کو بیان میں کہا کہ جوہری ہتھیاروں سے لیس شمالی کوریا امریکا کی کسی اشتعال انگیزی کو کبھی برداشت نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کسی بھی امریکی اقدام کے خلاف سخت جوابی کارروائی کرے گا۔ انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ریمارکس کو احمقانہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا اور کہا کہ ان کے ریمارکس ایک خودمختار ریاست کی ساکھ کونقصان پہنچانے کی کوشش اور سیاسی اشتعال انگیزی ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ریمارکس کوئی نئی بات نہیں اور یہ زیادہ حیران کن ہوتا اگر وہ شمالی کوریا کے بارے میں کوئی اچھا لفظ کہتے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=555251