راولپنڈی۔22دسمبر (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ کسی بھی حکومت کا سب سے بڑا فرض صحت اور تعلیم کی مفت سہولیات فراہم کرنا ہے، عوام کے مسائل سے آگاہ ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمڑیال اٹک میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے کمڑیال میں عوامی اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ یونین کونسل کمڑیال کی تمام ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں
جنہوں نے اتنا شاندار جلسہ منعقد کیا اور پی پی میں شمولیت اختیار کرنے والی برادریوں کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ متوسط طبقے سے تعلق ہے اور عوام کے مسائل سے آگاہ ہوں ، اٹک کو سرداروں کا ضلع کہا جاتا تھا مگر اب متوسط طبقہ اٹک کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے مسائل کو حل کرنا اولین ترجیح ہے، عوام کے مفاد کا تحفظ کرتے رہیں گے، اس پر سودا بازی نہیں کریں گے۔ گورنر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت کے جذبے پر عمل پیرا ہے۔ اس موقع پر ضلع اٹک کی مختلف یونین کونسلز سے مختلف برادریوں نے پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔