اسلام آباد۔ 27 جولائی (اے پی پی):فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو بتایا ہے کہ ملک میں جاری بارشوں کے حالیہ اسپیل کے دوران کسی بھی بڑے دریا میں اونچے درجے کی سیلابی صورتحال کی توقع نہیں ہے۔ تاہم 27 جولائی تا 30 جولائی تک دریائے کابل کے معاون دریاؤں اور ڈی جی خان ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں درمیانے سے اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔
جمعرات کو یہاں نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر میں مون سون سے متعلق این ڈی ایم اے کا خصوصی سیشن منعقد ہوا جس کی صدارت قائم مقام چیئرمین نے کی۔سیشن میں محکمہ موسمیات پاکستان،فیڈرل فلڈ کمشن، پی ڈی ایم اے/ ایس ڈی ایم اے/ جی بی ڈی ایم اے،فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن،صوبائی اداروں،این ایچ اے،این آء ایچ،سپارکو اور پی سی آئی ڈبلیو کے نمائند گان نے بھی شرکت کی۔سیشن میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات، بڑے ڈیموں کی صورتحال اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کا جائزہ لیا گیا۔
محکمہ موسمیات پاکستان نے پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر کے علاقوں میں ہونے والی بارشوں کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ 27 جولائی سے 2 اگست تک پنجاب کے شمالی علاقوں سمیت خیبرپختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر کے علاقوں میں موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے اپنے اپنے صوبوں /علاقوں میں بارشوں کی صورتحال پر بریفنگ دی اور امدادی کاموں پر روشنی ڈالی۔
قائم مقام چیئرمین این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر پیشگی اقدامات کو یقینی بنائیں اور موسم کے ممکنہ خطرات کے بارے میں علاقائی زبانوں کے ذریعے عوام میں آگاہی پیدا کریں۔ انہوں نے دریاؤں اور ان سے منسلک علاقوں میں تجاوزات کو ختم کرنے اور آبی ذخائر کی نگرانی پر بھی زور دیا۔