کسی بھی سیاسی جماعت کو ملک اور معیشت کو ڈی ریل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،قانون نافذ کرنے والے اداروں ، عسکری اور سول قیادت نے دہشتگردی کے خطرات کے باوجودعاشورہ پر بہترین کام کیا، دانیال چوہدری

162

اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو ملک اور معیشت کو ڈی ریل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،قانون نافذ کرنے والے اداروں ، عسکری اور سول قیادت نے دہشتگردی کے خطرات کے باوجودعاشورہ پر بہترین کام کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ دانیال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی خطرات لاحق ہیں ،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہر روز ہمارے جوان شہید ہو رہے ہیں، یہ سب پاکستان کی حفاظت اور بقاء کیلئے جانیں دے رہے ہیں، یہ اپنا آج ہمارے کل کیلئے قربان کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود سوشل میڈیا پر ان کی عظیم قربانیوں کا مذاق اڑایا جاتا ہے، وطن کے محافظوں اور جانثاروں کیخلاف ایک سوچی سمجھی سازش کی جا رہی ہے اور شہداء کی قربانیوں کو ضائع کرنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے، دنیا میں کوئی ایسی جماعت نہیں ملے گی جو اس قسم کی مہم چلائے، ہمارے قانون نافذ کرنے والے ادراوں ،عسکری اور سول قیادت نے عاشورہ پر بہترین کام کیا حالانکہ محرم کے دوران دہشت گردی کے بہت زیادہ خطرات تھے۔

انھوں نے کہا کہ 4 سال ملک کو معاشی ابتری کا شکار کیا گیا، دوسال پہلے تک پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی باتیں ہو رہی تھیں، مگر آج ملک بہتری کی طرف جا رہا ہے، موڈیز کی ریٹنگ کے مطابق ملک کی معیشت بہتری کی طرف جا رہی ہے اور مہنگائی میں بتدریج کمی ہو رہی ہے اور بہت جلد پاکستان اپنے پائوں پر کھڑا ہو جائیگا، کسی ادارے کے مابین لڑائی نہیں ہے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم کوئی سوشل میڈیا کی جماعت نہیں، کسی بھی سیاسی جماعت کو ملک اور معیشت کو ڈی ریل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے کیونکہ کوئی بھی سرمایہ کار اس ملک میں سرمایہ کاری نہیں کرتا جہاں عدم استحکام ہو۔