کسی بھی معاشرے یا ریاست کی اجتماعی ترقی کے لئے تعلیم بہت اہم کردار ادا کر تی ہے، ساجد حسین طوری

67

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز ساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے یا ریاست کی اجتماعی ترقی کے لئے تعلیم بہت اہم کردار ادا کر تی ہے۔

جمعہ کو اوور سیز پاکستانیز فاؤنڈیشن میں ایجوکیشن پورٹل کے با قاعدہ آغاز کے موقع پر خطاب کر تے ہو ئے وفاقی وزیر نے تعلیمی معیار میں بہتری لانے کے لئے ٹیکنالوجی کے زیادہ استعمال پر زور دیتے ہو ئے کہا کہ انٹر نیٹ نے دنیا بھر میں تعلیم کا تصور بدل کر رکھ دیا ہے کیونکہ اس نے کلاس روم سے ہٹ کر بھی علم، تعلیمی وسائل اور سیکھنے کے بے شمار دروازے کھول دئیے ہیں۔

تعلیمی پورٹلز کی اہمیت اجاگر کر تے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ انٹر نیٹ پر مبنی آج کے معاشرے میں ایجوکیشن پورٹل نے چو بیس گھنٹے بہت سے اداروں کی خدمات تک فوری رسائی کو ممکن بنا دیا ہے اب آپ کو معلومات کے حصول کے لئے ادارے میں خود وزٹ کر نے کی ضرورت نہیں بلکہ دنیا میں کہیں سے بھی اپنے کمپیوٹر یا موبائل فون پر اپنی مطلوبہ معلومات حاصل کر سکتے ہیں، آپ کو صرف ایک اچھا انٹر نیٹ کنکشن چا ہئے۔

انہوں نے ایجوکیشن پورٹل بنانے والی اوپی ایف مینجمنٹ کی تعریف کی جس سے اوپی ایف کی تعلیمی خدمات، جیسے اوورسیز پاکستانیوں کے بچوں کے لئے سکالر شپس، سرکاری یونیورسٹیوں میں مختص سیٹیں اور اوپی ایف ای لرننگ پروگرام وغیرہ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ یہ پورٹل پاکستان بھر میں اوپی ایف کے26تعلیمی اداروں کی ویب سائٹس تک فوری رسائی فراہم کر تا ہے۔ایجوکیشن پورٹل کے آغاز سے قبل منیجنگ ڈائریکٹر او پی ایف نے اوور سیز پاکستانیوں کو دی جا نے والی فلاحی خدمات و سہولیات پر پریزنٹیشن دی۔