کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے ،محکمہ موسمیات

84
Meteorology Department
Meteorology Department

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد جبکہ بالائی اضلاع اور شمالی بلوچستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع جبکہ اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علا قوں میں شدیددھند/سموگ چھائی رہے گی۔

شدید دھند کے باعث مذکورہ علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہا ہے۔ اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، پنجاب، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقے اور بالائی سندھ کے اضلاع میں شدید دھند /سمو گ کی لپیٹ میں رہے ہیں۔

جمعرات کو ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے اعداوشمار کے مطابق سکردو میں درجہ حرارت منفی10، لہہ منفی 9، استور، کالام، گلگت منفی 6، سرینگر، بونجی منفی 4، چترال، دیر، ہنزہ، مالم جبہ، میرکھانی اور راوالاکوٹ میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری انتباہ کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقےشدید دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔ دھند سے متاثرہ علاقوں میں دن کے درجہ حرارت مسلسل کم رہنے اور شدید سردی کے باعث شہریوں کو انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔