سرینگر ۔ 17 اکتوبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں مشترکہ حریت قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ 95فیصد سے زائد کشمیری عوام کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں رچائے جانیوالے نام نہاد بلدیاتی انتخابات کا بائےکاٹ بھارت کیلئے واضح پیغام اور ریفرنڈم کی حیثیت رکھتا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنماﺅںنے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ 95 فیصد عوام کی طرف سے ڈھونگ انتخابات کو مسترد کرنا کشمیریوں کا بھارت کیخلاف ریفرنڈم ہے اوربھارت نے خودبھی اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں 95 فیصد کشمیری عوام نے شرکت نہیں کی۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام نے ایک بار پھر واضح کردیا ہے کہ ڈھونگ انتخابات کی پالیسیوں سے انہیں کوئی دلچسپی نہیں ہیںاور وہ صرف اپنا ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت چاہتے ہیں۔حریت قائدین نے کہا کہ حالیہ انتخابی ڈرامے کے دوران کشمیری عوام نے تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی کا جوثبوت دیا ہے وہ نہ صرف قابل تعریف ہے بلکہ بھارت کیلئے ایک واضح پیغام اور ریفرنڈم کی حیثیت رکھتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=117937