فیصل آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین نے کہا ہے کہ کشمیریوں پر ظلم و جبر استبدادکے خاتمے تک 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے رہیں گے اور عالمی فورم پر کشمیریوں کے حقوق کیلئے آواز اٹھاتے رہیں گے۔جمعہ کے روز اے پی پی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ویسے تو کشمیریوں پر ظلم و ستم اور بربریت کے خلاف ہمارا ہر دن یوم سیاہ ہے لیکن 27اکتوبر کو خصوصی طور پرمنانے کا مقصد پوری دنیا کے ضمیر کو جگانا ہے کیونکہ 73 سال پہلے اس دن بھارتی فوج نے کشمیر پرغاصبانہ قبضہ کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے 73سال مکمل ہونے پر27اکتوبر کو کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے گی جب تک بھارت کشمیریوںکاناحق خون بہاتا رہے گا ہم اقوام متحدہ سمیت پوری دنیا کے مختلف فورمز پر بھارتی جارحیت کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پرکشمیریوں کا کیس بھرپور انداز میں اٹھا کر جدوجہد آزادی کشمیر میں نئی روح پھونک دی ہے۔اس کے ذریعے انہوں نے کشمیریوں کو پیغام دیا ہے کہ مظلوم کشمیری تنہا نہیں ہیں بلکہ پاکستانی حکومت اور قوم شانہ بشانہ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور بھارتی تسلط سے کشمیریوں کی آزادی تک ان کی اخلاقی،سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔