واشنگٹن۔28اکتوبر (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نےکہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں کشمیریوں کا حق خودارادیت اقوام متحدہ کی تسلیم کردہ ناقابل تنسیخ حق ہےاور پاکستان اور اس کے عوام کشمیریوں کی تحریک آزادی کی ثابت قدم حمایت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ کشمیریوں کا عزم اور پاکستانی عوام کی ثابت قدم حمایت کشمیر کی تحریک انصاف کو برقرار رکھے گی۔پاکستانی سفیر نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستانی عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے طویل حل طلب تنازعہ کشمیر کا تاریخی منظر نامہ پیش کیا اور کشمیر کی آزادی کے منصفانہ مقصد اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی بے پناہ قربانیوں کو اجاگر کیا۔
انہوں نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی مسلسل خاموشی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہائیوں پرانا تنازع کشمیر خطے کے امن و استحکام کے لیے ایک مستقل خطرہ ہے۔انہوں نے کشمیر یوں پر ر زور دیا کہ وہ ہمت نہ ہاریں اور آپ کے دل میں آزادی کی شمع جلتی رہے اور یہ جذبہ زندہ اور مضبوط رہنا چاہیے۔
تقریب میں پاکستان کے صدر ڈکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ تقریب میں صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطام محمود چوہدری مہمان خصوصی تھے۔
تقریب میں کشمیری رہنمائوں ڈاکٹر غلام نبی فائی، ڈاکٹر امتیاز خان، پاکستانی امریکی کمیونٹی،کارکنوں، طلبہ میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ سینیٹر مشاہد حسین سید، برطانیہ کے ہائوس آف لارڈز کے رکن واجد خان ، شیڈو وزیر انصاف افضل خان،کشمیر کاز کے لیے امریکی کارکن ڈینیلا خان ، اسلام آباد کی قائداعظم یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر الہان نیازی اور کشمیری کارکن شائسہ صافی نے وڈیوپیغامات بھیجے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=334741