کشمیریوں کا خون مقدس ہے، کشمیر کے بہادر جوانوں، مائوں اور بہنوں کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ

128

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اطلاعات، نشریات ، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کا خون مقدس خون ہے، کشمیر کے بہادر جوانوں، مائوں اور بہنوں کی لازوال قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہئے۔

بدھ کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہم نہتے اور مظلوم کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا خون مقدس خون ہے، کشمیر کے بہادر جوانوں، مائوں اور بہنوں کی لازوال قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حق کے لئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، انہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہئے اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمیشہ ان کی حمایت جاری رکھیں گے