کشمیریوں کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑنا بھارت کی فرسودہ سوچ کی عکاسی ہے ،عبدالعلیم خان

89
Abdul Aleem Khan

لاہور۔5فروری (اے پی پی):صدراستحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ 5فروری کو دنیا بھر بالخصوص پاکستان میں کشمیر پر غاصبانہ تسلط کے خلاف آواز بلند کر کے بھارتی سرکار کو آئینہ دکھایا گیا ہے، کشمیریوں کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑنا بھارت کی فرسودہ سوچ کی عکاسی ہے۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں ہونے والا ظلم بھارت کے سیکولر ازم کے کھوکھلے اور مکارانہ دعوؤں کی داستان بیان کرتا ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہر ابھرتا ہوا سورج آزادی کشمیر کی امید اور ہر ڈوبتا ہوا سورج کشمیر پر بھارتی غاصبانہ تسلط کی گواہی دے رہا ہے۔

صدر استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ مودی سرکار کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں ۔دریں اثنا استحکام پاکستان پارٹی کے زیر اہتمام عبدالعلیم خان کی ہدایت پر ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی صدر رانا نذیر احمد خان، جنرل سیکرٹری و ممبر پنجاب اسمبلی محمد شعیب صدیقی،

صدر آئی پی پی لاہور ملک زمان نصیب اور جنر ل سیکرٹری رانا جاوید اقبال، این اے 117سے کو آرڈینیٹرمیاں جنید ذو الفقار،سابق ایم پی اے ہارون عمران گل، شعبہ خواتین سے تسکین خاکوانی نے شرکت کی جبکہ شرکا نے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف بھرپو ر نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا جلد از جلد حل نکالا جائے ۔

جنرل سیکرٹری آئی پی پی پنجاب شعیب صدیقی اور صدر لاہور ملک زمان نصیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ استحکام پاکستا ن پارٹی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی مکمل حمایت کرتی ہے۔احتجاجی ریلی میں آئی پی پی کے شعبہ خواتین، لائیرز ونگ، ڈاکٹر زونگ،اور یوتھ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔