کشمیریوں کیلئے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے یو اے ای کا دورہ منسوخ کرکے بہترین مثال قائم کی ہے، سینیٹر محمد علی سیف

93

اسلام آباد ۔ 18 ستمبر (اے پی پی) سینیٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ کشمیریوں کیلئے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے یو اے ای کا دورہ منسوخ کرکے بہترین مثال قائم کی ہے ، جنہوں نے مودی کو سول ایوارڈ دیا تھا، آج کی کانفرنس سے دنیا کو کشمیر کی داستان سنانے کا اہم پلیٹ فارم چیئرمین سینیٹ نے مہیا کیا جس پر چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ بدھ کو قومی پارلیمانی کانفرنس برائے کشمیر سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ ہم کشمیریوں کا مقدمہ کشمیریوں کے آگے کھڑے ہو کر لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جامع حکمت عملی سے ہمیں آگے کا لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا، کشمیر کے حوالے سے بھارت کی ہر چال کا جواب دینا ہوگا، مسئلہ کشمیر کا واحد حل جرات اور بہادری سے مقابلے میں ہے، اگر کچھ کرنا ہے تو درد پیدا کرو جو مجاہدوں میں ہیں، مجاہد ہی تاریخ رقم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیر کی ایک دن کی زندگی گیڈر کی 100 سالہ زندگی سے بہتر ہے، ٹیپو سلطان کو بچہ بچہ جانتا ہے، آزادی ہر انسان کا بنیادی حق ہے، اگر زندہ اور باعزت قوم رہنا ہے تو اسلامی تعلیمات کے مطابق چلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ جدوجہد کا سبق دیتی ہے اور جو جدوجہد نہیں کرتے و نیست و نابود ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر یزیدیت اور حسینیت کا معاملہ ہے، فیصلہ ہم نے کرنا ہے کہ ہم کس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی آزادی کے لئے خون کا آخری قطرہ تک بہانے کے لئے تیار ہیں۔