اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):حکومت اور اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ نے کشمیریوں کی منصفانہ اور جائز حقوق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کی بے مثال جدوجہد آزادی کامیابی سے ہمکنار ہوگی ۔ بھارتی مظالم اور انسانی حوق کی خلاف ورزیاں دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز فرخ حبیب نے یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے اے پی پی سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 80 لاکھ کشمیریوں کو محبوس بنا رکھا ہے ۔ بھارت کے انتہاپسند ہندو رہنما نریندرامودی نے بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت ختم کرنے کی کوشش کی۔ جو مذمت قابل ہے ، عالمی دنیا سے اپیل کرتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کے حل سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرایا جائے۔ کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت دیا جائے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کااٹوٹ انگ ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے پوری دنیا کے سامنے مودی کا فاشسٹ چہرہ، آر ایس ایس اور ہندوتوا کے نظریے کو بے نقاب کیا ہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ کشمیریوں کی پر امن جدوجہد کی حمایت ہر فورم پر جاری رکھیں گے ۔ 5 فروری کو کشمیری بھائیوں کے ساتھ بھرپوراظہار یکجہتی کریں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی احمد حسین ڈیہڑ نے کہا کہ ہم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کا معاملہ اقوام متحدہ میں موثر انداز میں اٹھایا ہے۔ کشمیری بھائیوں کی قربانیاں قابل فخر ہیں ۔بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر انوارالحق کاکڑ نے یوم یکجہتی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔ یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ۔ پوری قوم 5 فروری کو کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہی ہے جس کا مقصد عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کا اجاگر کرنا اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر رانا مقبول نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سفارتی ذرائع استعمال کرنے کے ساتھ غیر معمولی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کیا دنیا فلسطینیوں اور کشمیریوں کے ساتھ انصاف کررہی ہے؟۔ پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی سینیٹر سسی پلیجو نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم ، بربریت ،شاطر چالوں اور جار حانہ سوچ کی مذمت کرتے ہیں، اکھنڈ بھارت کاخواب نیست و نابود ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو محصور کررکھا ہے جس کے بارے میں پوری دنیا کو معلوم ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی سمیت پوری قوم کا موقف مسئلہ کشمیر کے بارے میں یکساں ہے۔ کشمیر میں بھارت کی شکست نوشتہ دیوار ہے ۔ ہمیں بھارت کو بے نقاب کرنے کے لئے لابنگ تیز کر نی چاہیے۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیری آزاد ہوں گے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ تنازعہ کشمیر کے معاملہ پر ملک کی تمام سیاسی جماعتیں سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھ کر یکساں موقف رکھتی ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ سمیت عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر موثر انداز میں اجاگر کیاہے۔ حکومت کی بھرپور کوششوں کے باعث عالمی میڈیا کی توجہ اس مسئلہ کی جانب مبذول ہو چکی ہے۔ پوری دنیا بھارتی بربریت اور مظالم کے خلاف آواز اٹھا رہی ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔ انٹرنیٹ اور اظہار رائے کی آزادی پر بندش سے خواتین کی عصمت دری کی جارہی ہے۔ پوری دنیا میں اس وقت بھارتی مظالم بے نقاب ہو رہے ہیں۔ عالمی برادری کو تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=238116