کوئٹہ۔ 04 فروری (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ کشمیری عوام 75سال سے آزادی کی جدوجہد کر رہے ہیں جس کی راہ میں لاکھوں افرادنے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں،کشمیریوں کی تحریک آزادی استحکام پاکستان کی تحریک ہے ، جب کوئی قوم آزادی حاصل کرنے پرتل جائے تو دنیا کی بڑی سے بڑی طاقت بھی اس کو آزادی کے حصول سے روک نہیں سکتی،بے گناہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی حکومت کے جبر اور ظلم نے دنیا اور خطے کے امن کو داؤ پر لگا دیا ہے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری عوام کے ساتھ ہے ، مقبوضہ کشمیر میں نہتے مسلمانوں پر بھارتی قابض فوج کے مظالم کو دنیا بھر میں عیاں ہونا چاہئے تاکہ دنیا کو بھارت کا مکرو ہ چہرہ نظر آسکے ۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے واضح الفاظ میں یہ بات کہی تھی کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی ہٹ دھرمی کے باعث کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہو سکا، کشمیریوں نے آزادی کے حصول کے لئے لاکھوں جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سات لاکھ بھارتی فوج نہتے کشمیریوں سے خائف ہے کیونکہ کشمیریوں میں جذبہ شہادت اور آزادی کی تڑپ موجود ہے ، وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ انہو ں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور تمام عالمی ادارے اقوا م متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمدکو یقینی بناتے ہوئے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردارادا کریں۔