کشمیریوں کی جدوجہدآزادی ایک دن ضرور رنگ لائے گی، انہیں بھی آزادی کا سورج دیکھنا نصیب ہو گا،گورنرپنجاب

116

لاہور۔5فروری (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے یہاں الحمرا آرٹ کونسل لاہور میں محکمہ اطلاعات پنجاب کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد اور آزادی کے لیے دی گئی بے مثال قربانیاں انشا اللہ ایک دن ضرور رنگ لائیں گی اور انہیں بھی آزادی کا سورج دیکھنا نصیب ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری بہن بھائیوں سے آج اظہار یکجہتی کے ساتھ ساتھ ہمیں پشاور میں ہونے والے حالیہ واقعہ نے بھی بہت رنجیدہ کیا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ 5فروری ہمارے لئے ایک اہم ترین دن ہے اس دن سے نہ صرف ہماری جذباتی وابستگی ہے بلکہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم مظلوم کے ساتھ کھڑے ہوں، انسانیت کے ساتھ کھڑے ہوں اور حق کے ساتھ کھڑے ہوں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے تین دفعہ منتخب وزیراعظم محمد نواز شریف نے 2013سے 2017تک ہر فورم پر کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی، بھارت میں کشمیری بھائیوں پر ظلم و ستم کی ایک لمبی اور انتہائی دردناک تاریخ ہے جسے ہمارے غیرت مند کشمیری بہن بھائی گذشتہ کئی دہائیوں سے انتہائی بہاردی اور جرات سے برداشت کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کی اقوام متحدہ کے کمیشن برائے ہندوستان اور پاکستان کی 5جنوری 1949میں پاس ہونے والی قرارداد پر عملدرآمد کرانے میں بڑی طرح ناکام رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 5اگست 2019کو مودی حکومت نے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370اور 35اے کی دفعات کو منسوخ کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو ان کے حق خودرادیت سے محروم کرنے کا گھنائونا اقدام کیا تھا جس کی پاکستان سمیت تمام مسلم امہ نے بھر پور مذمت کی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ عالمی اداروں اور اقوام عالم کی مظلوم کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کی سلبی پر مسلسل بے رخی اور مجرمانہ خاموشی ایک ایسا سوال ہے جس کا جواب آج بھی ہر کشمیری نوجوان مانگتا ہے اور مانگتارہے گا۔انہوں نے کہا کہ مسلسل غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے ذریعے بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں خوف اور افراتفری کا ماحول پیدا کررکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری، اقوام متحدہ اورانسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کو بھارت کے ان غیر قانونی اقدامات کے خلاف ایکشن لینا چاہئے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت کو جان لینا چاہئے کہ کوئی بھی دیوار آزادی کی خوشبو کو روک نہیں سکتی، آزادی کشمیریوں کا حق ہے اور انشا اللہ انہیں مل کر ہی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے واشگاف الفاظ میں کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہم سب یہ جانتے ہیں کہ کشمیری بھائیوں سے ہمارا رشتہ لا الہ الا اللہ کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ سفارتی سطح پر مذاکرات میں کشمیر کا مسلہ سرفہرست رکھا ہے اور بھارت سے تعلقات کشمیر پالیسی سے مشرو ط رہے ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم بحیثیت قوم واشگاف الفاظ میں کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان ہر سطح پر کشمیر ی بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں تقریب میں موجود تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد ، میڈیا، طلبہ اور تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں جو کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے آج یہاں اکٹھے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پینٹنگز کی نمائش کا دورہ کیا اور آرٹسٹوں کی کارکردگی کو سراہا۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان،سیکرٹری انفارمیشن پنجاب علی نواز ملک، کمشنر لاہور ڈویژن علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر لاہور علی محمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نازیہ موہل، کشمیری رہنما پرویز احمد شاہ،زاہد اشرف اور دیگر موجود تھے۔ بعد ازاں گورنر پنجاب نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایک ریلی کی قیادت بھی کی۔