کشمیریوں کی جدو جہد حق اور انصاف پر مبنی ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر حل طلب مسئلہ ہے حریت رہنما الطاف احمد بٹ

97

اسلام آباد ۔ 4 فروری (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر کے حریت رہنما الطاف احمد بٹ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کا حق خود ارادیت عالمی برادری نے تسلیم کر رکھا ہے، کشمیریوں کی جدو جہد حق اور انصاف پر مبنی ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر حل طلب مسئلہ ہے ، بھارت نے کشمیریوں کا جمہوری حق سلب کر رکھا ہے، مسئلہ کشمیر کے اصل فریق کشمیری عوام ہیں، ان کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے ، گذشتہ چھ ماہ سے مسلسل کرفیو اور لاک ڈائون سے کشمیر ایک جیل بن چکا ہے ، ان حالات میں اگر کشمیریوں کی مدد نہ کی گی تو کشمیر یوں کی زندگیوں کو بچانا مشکل ہوگا ۔ان خیالات کا اظہارانہوںنے ڈڈلی کونسل ہائوس میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈڈلی ناتھ کے ممبر آف پارلیمنٹ اور برطانوی پارلیمنٹ میں قائم آل پارٹیز کشمیر گروپ کے وائس چیئرمین مارکو رونگی، تحر یک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، ڈڈلی کونسل کے لیڈر کونسلر پیٹرک ہارلے، سابق کونسلر محمد عارف، ڈاٹر آف کشمیر کی چیئر پرسن زبیدہ خان اور انسانی حقوق کی سرکردہ رہنما کلیر بیڈل بھی موجود تھے۔ مقبوضہ کشمیر کے حریت رہنما الطاف احمد بٹ نے کہا کہ برطانیہ سکیورٹی کونسل کا مستقل ممبر ہے، برطانوی حکومت کو مداخلت کرنی چاہئے ، بھارت پر دبائو ڈالا جائے کہ وہ مذاکرت کے ٹیبل پر آئے تاکہ خطے میں پائی جانے والی کشیدگی ختم اور امن قائم ہو۔ انہوں نے کہا کہ انہیں جہاں بھی موقع ملے گا کشمیریوں کی آواز بنے گا ،کشمیری مظلوم ہیں ، ان کی حمایت کرنا اخلاقی اور سیاسی فرض ہے اور مسلہ کشمیر پُرامن اور دیرپا حل خطے کے امن کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت کو اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرنی چاہئے، بھارت کے ساتھ اچھے تعلاقات ہیں انہیں برئوے کار لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادیں ہیں بلکہ بھارت کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے وعدے بھی ریکارڈ میں موجود ہیں۔